آغا خان یونیورسٹی نے'کورونا چیک' ایپ لانچ کردی
عالمی وباء کورونا وائرس نے اس وقت دنیا بھر میں خوف پھیلایا ہوا ہے جس کی وجہ سے اگر کسی شخص کو معمولی فلو یا بخار بھی ہوتا ہے تو وہ شکوک و شبہات میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ ایسے میں آغا خان یونیورسٹی نے ایک 'کورونا چیک' نامی ایپ لانچ کی ہے جس کی مدد سے گھر بیٹھے کورونا وائرس کی علامات کو جانچا جاسکتا ہے۔
آغا خان یونیورسٹی کے مطابق اس ایپ میں آرٹیفیشل انٹلیجنس سے لیس انٹراایکٹو چیٹ بوٹ شامل ہے جو صارفین کو کورونا کی علامات سمجھنے اور متاثر ہونے کی صورت میں بروقت ڈاکٹر سے رجوع کرنے کا مشورہ فراہم کرے گا۔
A new app means that you don’t need to visit the hospital to screen yourself for the coronavirus. CoronaCheck, an Android app jointly launched by AKU and its teaching hospital, is helping users to safely and easily assess their symptoms from home. https://t.co/mzSk8gHq3i#COVID19 pic.twitter.com/SWplMi8tuR
— Aga Khan University (@AKUGlobal) April 8, 2020
اس ایپ کی ازخود تشخیص کا آلہ صارف سے اس کی ٹریول ہسٹری، علامات اور ممکنہ طور پر کسی کورونا کے مریض سے رابطے کے حوالے سے سوالات کرے گا اور اس کے ساتھ ہی روزانہ کی بنیاد پر صارف کو آگاہی بھی فراہم ہوگی۔
کورونا چیک ایپ میں یہ سہولت بھی دستیاب ہے کہ صارفین اپنے سوالات کے جوابات اردو میں بھی سن سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ان سے معلومات دریافت کرنے کے بعد ایپ مشورہ دے گی کہ انہیں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیئے یا گھر بیٹھے ہی احیتاط اپنانی چاہیئے۔
اس ایپ میں کوویڈ نائنٹین سے متعلق آگاہی، ہسپتالوں کیلئے ایمرجنسی نمبرز، ایمبولنس سروسز اور قومی ہیلپ لائن سے متعلق معلومات بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ اس عالمی وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے دنیا کے دیگر ممالک بھی ٹیکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں۔ جرمنی میں پبلک ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے اسمارٹ واچ ایپ متعارف کروائی گئی ہے جبکہ فرانس کی حکومت بھی ایک اسمارٹ فون ایپ پر کام کررہی ہے جو صارفین کو متنبہ کرے گی اگر وہ کسی کورونا وائرس کے مریض کے ساتھ رابطے میں آئیں گے۔
اینڈرائیڈ صارفین اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے یہاں اور آئی او ایس صارفین یہاں کلک کریں۔
Comments are closed on this story.